اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف آج منگل کو ”ون واٹر سمٹ“ میں شرکت کے لیے ریاض جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کی مشترکہ سمٹ کا مقصد عالمی تعاون کو فروغ دینا ہے، سربراہی اجلاس میں وزیر اعظم گول میز اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں تازہ پانی کے وسائل اور آبی زمینوں کے تناظر میں بحالی، تحفظ اور موافقت پر توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعظم آب و ہوا سے پیدا ہونے والے سیلابوں، آبی وسائل اور ماحولیاتی نظام پر گرمی کے دبا¶ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیں گے۔ وزیراعظم آبی وسائل کے پائیدار انتظام کے لیے بامعنی بین الاقوامی تعاون پر بھی زور دیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی دو طرفہ ملاقاتیں اور مصروفیات بھی متوقع ہیں۔