راولپنڈی(خبر ایجنسیاں)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے ڈی چوک کا معاملہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ہمارا صرف ایک سوال ہے کہ گولی کیوں چلائی؟اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک میں انہوں نے کہا کہ فائنل کال کے بعد آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی، آگے
کے لائحہ عمل کااعلان بانی پی ٹی آئی بعد میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 26 نومبر کے واقعے کا علم نہیں تھا، ان کو معلومات فراہم کیں، ہم نے رینجرز، پولیس اور پی ٹی آئی کے شہداء کا بتایا، جس پر انہوں نے سب کی شہادت پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا مؤقف ہے کہ دھرنا اور مظاہرہ اسلام آباد میں یا جہاں بھی ہو اس پر گولی نہیں چلانی چاہیے تھی، انہوں نے شدید الفاظ میں مذمت کی، زخمیوں کی تیمار داری کا حکم دیا، بانی نے تمام کارکنوں اور لیڈرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیکڑوں اموات کی بات کرنے والوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں، ہمارے 12 کارکن شہید ہوئے، عمران خان کی خرابی صحت سے متعلق خبریں غلط ہیں، الحمدللہ وہ بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں۔