ایم اے جناح روڈ پر نوجوان تاجر ڈکیتی مزاحمت پر قتل،12 دسمبر کو شادی تھی

107

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ایم اے جناح روڈ پر نوجوان تاجر کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کی 12 دسمبر کو شادی طے تھی۔ تفصیلات مطابق جمشید کوارٹر تھانے کی حدود ایم اے جناح روڈ پر 22 سالہ نوجوان حسن عارف کو اسلامیہ کالج کے قریب واقع حسن ٹائر شاپ پر قتل کیا گیا، مقتول حسن کو سینے میں ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ نوجوان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ ملزمان کچھ لوٹے بغیر ہی فرار ہوگئے۔ حسن عارف کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا تاہم مقتول کے ورثا نے ڈاکٹرز اور پولیس کو کسی بھی قانونی کارروائی کرنے سے منع کر دیا اور لاش ساتھ لے گئے۔ ایس ایچ او جمشید کوارٹرز امتیاز حسین شاہ کے مطابق مقتول حسن عارف شمائل گارڈن، گلستان جوہر کا رہائشی تھا اور اس کی 12 دسمبر کو شادی ہونے والی تھی، اس سلسلے میں اس کا خاندان شادی کی تیاریاں کر رہا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت سندھ کے ثقافتی دن پر نکالی گئی ریلی کے شرکا اس علاقے سے گزر رہے تھے، اس دوران کچھ مشتبہ افراد دکان میں لوٹ مار کی نیت سے داخل ہوئے تاہم حسن عارف نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ ایس ایچ او امتیاز حسین شاہ نے کہا کہ تفتیش کار علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے بعد ہی کچھ کہا جا سکے گا کہ اصل میں ہوا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ مقتول کے ورثا تدفین کے بعد ایف آئی آر (مقدمہ) درج کروانے آئیں گے۔