کھیل کے میدان آباد کرنے کا تہیہ کررکھا ہے‘ الطاف گوہر میمن

75

کراچی(پ ر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی الطاف گوہر میمن نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی ہدایت پر من و عن عملدرآمد کرتے ہوئے شہر کراچی کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپورٹس آرگنائزر ایم نسیم کی سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ شہر کراچی میں جتنے بھی کے ڈی اے اسکیموں میں پارکس اور کھیلوں کے میدان ہیں، ان شاء اللہ ان کو عنقریب آباد کیا جائے گا جس سے نوجوان نسل کو صحت مند و تفریحی سرگرمیاں میسر ہوں گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ادارہ ترقیات کراچی کے پلیٹ فارم سے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا ہے، اس روایت کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل کا استعمال کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ جس طرح ماضی میں ادارہ نے شہر بھر میں کامیاب رہائشی پروجیکٹس بناکر نمایاں مقام حاصل کیا ہے، اسی طرح مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں نے ادارہیکا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ آنے والے وقت میں ہاکی، کرکٹ اور فٹ بال کے شعبوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اسپورٹس آرگنائزر ایم نسیم نے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر الطاف گوہر میمن کو مبارک باد پیش کی۔آخر میں اسپورٹس آرگنائزر ایم نسیم نے ڈی جی کے ڈی اے الطاف گوہر میمن کو پھولوں کا گلدستہ اور سندھ کی ثقافت اجرک و ٹوپی پیش کی۔