انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار، صارفین پریشان ہیں ،ذکر اللہ مجاہد

169

لاہور (وقائع نگارخصوصی)قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ فائر وال ٹیسٹنگ کے دوسرے مرحلے کی وجہ سے انٹرنیٹ سروس مسلسل ست روی کا شکار ہے،جس سے انڈسٹری کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا سروسز متاثر ہیں۔صارفین کو تصاویر، وائس نوٹ اور ویڈیوز اَپ لوڈنگ اور ڈاون لوڈنگ میں مشکلات کا سامنا ہے، صارفین وی پی اینز کے ذریعے سوشل میڈیا ایپلی کیشنز استعمال کرنے پر مجبور ہیں، متعدد شہروں میں وی پی این کے ذریعے بھی صارفین کو سوشل میڈیا سروس تک رسائی مشکلات کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت نے پورے معاشی نظام کو ہی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جو بھی حکومت بر سر اقتدار آئی اس نے آئی ایم ایف کے در پر سجدہ ریز ہونے میں ہی عافیت جانی۔ عوام کی زندگی عملًا اجیرن ہو چکی ہے۔ حکمرانوں کی کارکردگی دعووں، وعدوں، زبانی کلامی اور ڈنگ ٹپاؤ اقدامات تک محدود ہے۔ عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے وسائل کی دولت سے نوازاہے مگر حکمرانوں کی نا قص پالیسیوں کے سبب ہم ان سے بھر پورانداز میں استفادہ کرنے سے قاصر ہیں بلکہ الٹاان قدرتی وسائل سے غیر ملکی کمپنیاں فائدہ اٹھاتے ہوئے ثمرات حاصل کررہی ہیں۔ہمیں قرضوں کے بجائے خود انحصاری اوراپنے وسائل سے استفادہ کرنا ہوگا تب ہی جاکر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہوسکتے ہیں۔ عوام سے جھوٹے وعد ے کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومتی ناقص کارکردگی کے باعث عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ پروٹوکول کی نفی اورقوم کو کفایت شعاری کا درس دینے والے دو درجن گاڑیوں کے قافلے میں گھومتے پھرتے رہے ہیں۔ معیشت کی تباہی کے اصل ذمہ دار وہ لوگ ہیں جنھوں نے سیاسی مخالفین کو دبانے اور ان کوگرفتار کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ چوروں لٹیروں اور کرپٹ افراد کا محاسبہ اداروں کا کام ہے اور ضرورت اس امر کی ہے وہ بغیر کسی سیاسی دباو کے اپنا کام کریں۔