ریفری کے درست یا غلط فیصلے (متنازع فیصلے) کی وجہ سے فٹبال گراؤنڈ میں لڑائی کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک ہوگئے۔
افریقی ملک جمہوریہ گنی میں فٹبال میچ کے فائنل میچ کے دوران اسٹیڈیم میں لڑائی اتنی شدت اختیار کر گئی کہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگی۔ کھیل کے دوران ریفری کی جانب سے متنازع فیصلے پر ٹیم کے حامی میدان میں کود پڑے، جس کے ساتھ ہی مخالف ٹیم کے حمایتی بھی میدان میں آ گئے اور لڑائی شروع ہوگئی۔
دونوں ٹیموں کے حامیوں اور مخالفین کی لڑائی جنگ کی شکل اختیار کر گئی۔ فٹبال شائقین ایک دوسرے پر مکے، لاتیں اور جو کچھ ہاتھ میں آ سکا برساتے رہے۔ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے گھمسان کے تصادم کو قابو کرنے کے لیے پولیس بھی خاطر خواہ کارروائی نہیں کر سکی۔
لڑائی کے دوران مشتعل افراد نے پولیس کے جوانوں کو بھی مارا پیٹا اور ان کی گاڑیوں اور پولیس اسٹیشن کو جلا دیا پولیس کے کئی زخمی اہل کاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے میں ہونے والی ہلاکتوں کے نتیجے میں قریبی واقع اسپتال اور مردہ خانے بھر گئے، مختلف ذرائع سے ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہوتی رہیں، تاہم طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑائی میں مرنے والوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں۔