کنری(جسارت نیوز)سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر ہر طرف ثقافت کے رنگ بکھر گئے،ثقافتی دن انتہائی جوش وجذبے سے منایا گیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ بھر کی طرح کنری میں بھی سندھ کی ثقافت کا دن منانے کے حوالے سے شرکا نے سندھی اجرک اور ٹوپی پہن کر ریلیاں نکالیں اور یکجہتی کے حوالے سے ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی،جسقم کے تحت کنری کے نواحی قصبے میپاری سے جسقم رہنما رمضان خاصخیلی،احمد سندھی ودیگر رہنماؤں کی قیادت اجرک سے سجائی گئی کاروں اور موٹر سائیکلوں پر ایک بڑی ثقافی ریلی نکالی گئی۔شرکا نے سندھ کے دریا پر ڈاکہ نہ منظور کے نعرے لگائے،کنری کے اللہ والا چوک پر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان کیلئے عید کا دن ہے سندھ کی ثقافت ہماری پہچان ہے اور ہم کو سندھی ہونے پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ محبت کرنے والوں اور امن کی دھرتی ہے سندھ کی مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ہے سندھ کی سونا جیسی دھرتی قدرتی نعمتوں سے مالا مال ہے سندھ کی ثقافت اور ہزاروں سال پرانی تہذیب اپنی مثال آپ ہے،ریلی میں شامل۔ شرکا نے سندھ کی ثقافت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قومی گیتوں پر پر بھنگڑے ڈالے اور ہاتھوں کی زنجیر بنا کر سندھ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم جی ایم سید کے سپاہی ہیں جب تک جان میں جان ہے کسی کو سندھ سے زیادتی نہیں کرنے دیں گے،سندھ دریا سے ہماری ہماری ثقافت،زراعت معیشت،زندگی اور موت وابستہ ہے لیکن موجودہ حکمران سندھ دریا سے 6 کینال نکال کر سندھ کی زراعت اور معشت تباہ کرنا چاہتے ہیں جس سے سندھ ریگستان میں تبدیل ہو جائے گا،زراعت تباہ ہونے سے بھوک،افلاس،بیروزگاری بڑھ جائے گی لوگ قصبات سے شہروں کی جانب منتقل ہوںگے افراتفری کی صورتحال پیدا ہو جائے گی غربت سے تنگ افراد خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں کینالوں کے منصوبے کو فوری طور پر ترک کرکے عوام کے روزگار کے کیلئے دیگر وسائل بروئے کار لائے جائیں،اگر حکومت نے دریائے سندھ کے پانی سے چھیڑ چھاڑ کی یا سندھ کے حق پر ڈاکہ مارا تو سندھ کا بچہ بچہ سڑکوں پر نکل آئے گا۔