پیپلز پارٹی کا دہرا معیار درست نہیں ‘ سندھ یونائیٹڈ پارٹی

147

کراچی(پ ر)سندھ کے یوم ثقافت کے موقع سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے سندھو تم سے میری سانس جڑی ہے کے زیر عنوان دریائے سندھ کے ساتھ عہد وفا کے طور پر بھرپور طریقے سے منایا گیا، اس موقع پر مارچ کے شرکانے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھارکھے تھے، دریائے سندھ کے کناروں پر پہنچ کر سندھو دریا میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے دریائے سندھ کے ساتھ عہد وفا کیا گیا اور یہ عزم کیا گیا کہ دریائے سندھ کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور غیر آئینی طور پر دریائے سندھ سے 6 کینال نکالنے کے منصوبے کی سازش کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے، جامشورو میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سینئر نائب صدر روشن برڑو کی قیادت میں ایک بڑے مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین، بچوں، ادیبوں، دانشوروں، وکیلوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ روشن برڑو اورسندھ بچاؤ تحریک سید زین شاہ نے مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت سندھ کے عوام کے ساتھ دھوکا کر رہی ہے، ان کے اسمبلی ممبران نے یوم تاسیس کے موقع پر دریائے سندھ سے 6 کینال نکالنے کے خلاف کہیں پر بات نہیں کی اور نا وہ سندھ اسمبلی سے قرارداد پاس کرنے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ دہرا معیار رہا ہے، ماضی میں بھی انہوں نے تھر کینال، چشمہ لنک کینال اور کالا باغ ڈیم کے خلاف بدنیتی رکھی، پیپلز پارٹی دریائے سندھ کے پانی پر قبضے کے خلاف اپنا موقف واضح رکھے، پیپلز پارٹی کینالوں کی حمایت کرے یا سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہو، پیپلز پارٹی کا دہرہ معیار درست نہیں ہے، زرداری صاحب نے پنجاب اور کمپنی سرکار کو خوش کرنے کیلیے سندھ کا پانی اور زمینیں بیچی ہیں، اقتدار اور مفاد کی خاطر 8 جولائی کو ایوان صدر سے صدر زرداری نے سندھ کے پانی پر حملہ کیا اور ہم سندھ کے پانی کو بچانے کیلیے آخری حد تک لڑیں۔