چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کاختتام

204

راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک):چیف آف ایئر اسٹا ف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2024 اختتام کو پہنچ گئی، اس کا انعقاد ائیر فورس نے پاکستان ا سکواش فیڈریشن اور سرینا ہوٹلز کے تعاون سے مصحف ا سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کیا تھا۔ گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس چیمپئن شپ میں 8 ممالک سے 24 ٹاپ کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ان ممالک میں مصر، انگلینڈ، ہانگ کانگ، آئر لینڈ، کویت ، ملائیشیا، ہالینڈ اور پاکستان شامل تھے۔ ڈپٹی چیف آف ایئر ا سٹاف پرسنل ایئر مارشل شکیل غضنفر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے۔ فائنل میچ میں پاکستان کے نور زمان نے پاکستان سے ہی تعلق رکھنے والی کھلاڑی ناصر اقبال کو3-0 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایئر مارشل شکیل غضنفر نے چیمپئن شپ کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عالمی اور مقامی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس چیمپئن شپ میں نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی شرکا کی جانب سے ا سکواش سے ان کی محبت اور ان کی صلاحیتوں کا بھرپور عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے ہر سطح پر ا سکواش کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ا سکواش میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کرنے کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس شعبہ میں اپنے پیشرو کھلاڑیوں کے نقش قدم پر چلیں ،ایئر فورس ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی سربراہی میں اسکواش کے فروغ اور نوجوانوں کو مواقعوں کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے،یہ چیمپئن شپ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔