زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کا شاندارریکارڈ

72

ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز جیتنے کے بعد پاکستان کی نگاہیں اب زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز جیتنے پر ہیں جس کا پہلا میچ بلاوایو میں آج کھیلا جائے گا۔ اسی میدان پر منگل (3 دسمبر) کو سیریز کا دوسرا اورجمعرات (5 دسمبر) کو سیریزکا تیسرا میچ ہوگا۔
پاکستان کا ریکارڈ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں زمبابوے کے خلاف بے حد شاندار ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ابھی تک جو18 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں پاکستان نے16 میچوں میں اور زمبابوے نے2 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ زمبابوے میں دونوں کا مقابلہ11 مرتبہ ہوا ہے جس میں سے پاکستان نے10 میچوں میں اور زمبابوے نے ایک میچ میں کامیابی اپنے نام کی ہے۔
زمبابوے اور پاکستان کے درمیان جو آخری 5 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ ہوئے ہیں اس میں پاکستان نے 3 میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ زمبابوے نے 2 میچ جیتے ہیں۔ دونوں کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ 27اکتوبر2022 کو ہوا تھا جس میں زمبابوے نے ایک رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے زمبابوے نے مقررہ20 اوور میں8وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے مقررہ20 اوور میں9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے تھے اور میچ ایک رن سے گنوادیا تھا۔ میچ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے سلسلے میں پرتھ میں کھیلا گیا تھا۔

پاکستان کا زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں سب سے زیادہ اسکور20 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر198 رنز ہے جو اس نے ہرارے میں16 ستمبر2011 کو بنایا تھا۔ پاکستان کے خلاف زمبابوے کا سب سے زیادہ اسکور 20 اوور میں3 وکٹوں کے نقصان پر175 رنز ہے جو اس نے لاہور میں24 مئی2015 کو بنایا تھا۔ اتنے بڑے اسکور کے باوجود زمبابوے کو اس میچ میں شکست ہوئی تھی کیونکہ پاکستان نے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے19.4 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر176 رنز بناکر میچ2 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
ہرارے میں23 اپریل2021 کو ہوئے میچ میں پاکستان 19.5 اوور میں99 رنز بناکر آئوٹ ہو گیا تھا جو اس کا زمبابوے کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔ زمبابوے کا پاکستان کے خلاف سب سے کم اسکور20 اوور میں8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز ہے جو اس نے12 اکتوبر 2008 میں کنگ سٹی میں بنایا تھا۔

احمد شہزاد نے ہزارے میں24 اگست2013 کو ہوئے میچ میں91 منٹ میں64 گیندوں پر 6 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 98 رنز بنائے تھے جو پاکستان کی جانب سے زمبابوے کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ زمبابوے کی جانب
سے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا ریکارڈ سولومون مائر کے پاس ہے جنہوں نے ہرارے میں4 جولائی2018 کو ہوئے میچ میں63 گیندوں پر6 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے94 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے زمبابوے کے خلاف محمد حفیظ کے پاس ہے جنہوں نے ہرارے میں16 ستمبر2011 کو ہوئے میچ میں 22 اوور میں 10 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ زمبابوے کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ لوک جونگوی کے پاس ہے جنہوں نے ہرارے میں23 اپریل2021 کو ہوئے میچ میں3.5 اوور میں18 رن زدیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔