حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) دریائے سندھ پر لگنے والا ڈاکا تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ہے، لال جروار، مرکزی رابطہ سیکرٹری عوامی تحریک دریائے سندھ کو بچانے کے لیے سندھیانی تحریک اور عوامی تحریک کی جانب سے 22 دسمبر کو سکھر میں اعلان کردہ ریلی کی تیاریاں شروع ہو گئی۔ اس سلسلے میں عوامی تحریک کے مرکزی رابطہ سیکرٹری لال جروار، عوامی تحریک ضلع سانگھڑ کے صدر عطا اللہ انڑ، رانوکنڈانی، علی نواز ڈاہری، عالم خان لغاری، سارنگ بھیل اور دیگر رہنماؤں نے مقصودو رند، شہدادپور، حاجی محمد بخش رند، شیر لغاری، علی خان سریوال، باگو ودھوانی، بیرانی، قاسم کٹوھڑ، گاؤں جعفر پیجارو اور میر خان رند سمیت سانگھڑ ضلع کے مختلف گاؤں کا دورہ کیا اور عوام کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ مقصودو رند پریس کلب میں پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے رابطہ سیکرٹری لال جروار نے کہا کہ پنجاب کے حکمران ٹولے کی جانب سے ڈیموں اور کینالوں کے ذریعے دریائے سندھ پر جو ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، وہ تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ہے، پنجاب کا حکمران طبقہ پیپلز پارٹی کی سہولت کاری میں دریائے سندھ سے 6 نئے کینال نکال رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ جھوٹے بیانات دے کر دریائے سندھ پر ڈاکوئوں کے خلاف سندھی عوام کی جدوجہد کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔