پنجاب کے نوجوان ایک مرتبہ پھر کھیلوں کی جانب راغب ہو رہے ہیں ،ملک ابرار

57

راولپنڈی(اے پی پی):راولپنڈی ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کھیلتا پنجاب انٹر کلب ڈویژن لیول کے مقابلوں کا افتتاح شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژن کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، رکن صوبائی اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات شازیہ رضوان اور رکن صوبائی اسمبلی طاہرہ مشتاق تھے ، ایڈیشنل کمشنر سید نذارت علی، ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری وحید احمد، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل لیول کے ان مقابلوں میں اتھلیٹکس، کرکٹ ٹیپ بال، باسکٹ بال، فٹ بال، کبڈی، میٹ ریسلنگ، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن، ہاکی، والی بال اور تیر اندازی شامل ہیں۔ اس موقع پر ملک ابرار نے نے اپنے خطاب کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی کوششوں کی بدولت آج پنجاب کے نوجوان ایک مرتبہ پھر سے کھیلوں کی جانب راغب ہیں اور مریم نواز نے پنجاب کے نوجوانوں میں مثبت سوچ کو پروان چڑھایا ہے ، یہی وجہ ہے کہ پنجاب کا نوجوان اب ناصرف کھیلوں کے میدان میں مقابلے جیت رہا ہے بلکہ زندگی کے مختلف شعبوں میں بھی اپنا منفرد مقام بنا رہا ہے۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات شازیہ رضوان نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلی مریم نواز دن رات اس محنت اور کوشش میں لگی ہوئی ہیں کہ پنجاب کے نوجوان تعلیم، کھیل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، زراعت، انجینئرنگ اور تمام شعبوں میں بے انتہا ترقی کریں۔