آرمی چیف عاصم منیر کا نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر کا دورہ

64
پبی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر پاک چین مشترکہ مشقوں کے دوران آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں

راولپنڈی (صباح نیوز /اے پی پی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان پاک چین مشترکہ مشق کے شرکا سے بات چیت کی۔ آرمی چیف نے مشترکہ مشق کے دوران شرکا کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان مشترکہ مشق وار ائر8- کے شرکا سے ملاقات کی جہاں آرمی چیف کو مشق کے دائرہ کار اور اس کے انعقاد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وار ائر8- مشق 19نومبر2024ء کو شروع ہوئی تھی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے جمعے کو پاک بحریہ کے آپریشنل بیس اورماڑہ کا دورہ کیا جہاں انہیں دفاع اور موجودہ خطرات کے حوالے سے جامع آپریشنل بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک بحریہ کے آپریشنل اثاثوں، بشمول جہازوں اور آبدوزوں کا معائنہ کیا اور سمندر میں یونٹس کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔