ترکیہ‘ پاکستان کامختلف شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری و تعاون پر اتفاق

17

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نیزیرولو نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری و تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزارت نجکاری سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ترک سفیر نے کہا کہ ہمارے درمیان حالات موافق ہیں، مقاصد واضح اور منزل ایک ہی ہے، ترکیہ پاکستان سے باہمی تعلقات کو باقاعدہ ادارہ جاتی شکل دینا چاہتا ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ترکیہ کے ترقی کے ماڈل کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی اس ماڈل سے مستفید ہونا چاہتا ہے، جس کے لیے ترکیہ کے ساتھ جوائنٹ وینچرز سمیت سرمایہ کاری کے بہترین آپشن اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو کاروباری شراکت میں تبدیل ہونا چاہئے جس کے لئے پاکستان میں مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،روڈ نیٹ ورک بہتر بنانا بڑا چیلنج ہے کیونکہ شاہراہوں سے منسلک کر کے ہی کسی بھی ملک میں ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔