جماعت اسلامی جنوبی لاہور کے نومنتخب امراء زونز کی تقریب حلف برداری

31

لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی جنوبی لاہور کے نومنتخب امراء زونز کی تقریب حلف برداری، تقریب میں امیر جماعت اسلامی لاہور جنوبی اظہر بلال، جنرل سیکرٹری عبدالرشید مرزا کے علاوہ حلقہ لاہور کے جنرل سیکرٹری خالد احمد بٹ اور نائب امیر حلقہ لاہور احمد جمیل راشد نے خصوصی طور پر شرکت کی اور نومنتخب امراء زونز کے لیے استقامت کی دُعا کی۔ زون 159 سے محمد یونس ایڈوکیٹ میو، زون 160 سے حافظ لئیق احمد، زون 161 سے علی شیر زاہد، زون 162 سے سلمان ایوب، زون 163 سے ساجد خان، زون 164 سے احمد بٹ اور زون 169 سے فیاض احمد فیضی نے حلف اُٹھایا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور جنوبی اظہر بلال اور جنرل سیکرٹری عبدالرشید مرزا نے کہا کہ جان لیوا مہنگائی نے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا، بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی بھرمار ہے، اس کے باوجود ہر طبقے پر ٹیکسوں کا نفاذ کر دیا گیا ہے، چھوٹے چھوٹے کسان بھی اس ظلم سے محفوظ نہیں، حکمران اپنی عیاشیوں کے قرضے لیتے ہیں، پھر انہیں اُتارنے کے لیے آئی ایم ایف کی ہر طرح کی شرائط مان کر عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑتے ہیں، جماعت اسلامی اسی ظالمانہ نظام کے خلاف عوام کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے، قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے تاکہ ظالم حکمرانوں اور اشرافیہ سے جان چھڑائی جا سکے۔