اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی نے بجلی 5 روپے تک مزید سستی ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر توانائی اویس احمد خان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت آئندہ بجلی نہیں خریدے گی اور آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی معاہدوں کے نتیجے میں بجلی مزید 5 روپے تک سستی ہو جائے گی۔
وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) اسلام آباد میں بجلی سہولت پیکیج سے متعلق بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی وجہ سے ملکی معیشت محرک ہے۔انہوں نے کہا کہ میں خود ایک ایگریکلچرسٹ ہوں اور اب 45 فی صد ٹیکس ہم پر بھی لگ چکا ہے۔ملک میں کبھی بجلی سستی کرنے کے فارمولے پر عمل ہی نہیں کیا گیا۔ آپ 17 ہزار میں سے 7 ہزار میگاواٹ بجلی خرید چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں اچھے بہترین لوگ لا رہے ہیں، پانچ آئی پی پیز ختم کی جا چکی ہیں اور آئندہ مزید بھی کریں گے جب کہ گیارہ مزید آئی پی پیز کے ساتھ ابتدائی ورکنگ بھی کی جا چکی ہے۔ آئندہ پاکستان میں ایسی کوئی آئی پی پیز نہیں لگیں گی۔یہ ایک انقلاب ہے، ایسا انقلاب ڈی چوک پر نہیں آتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بیگاس کے پاور پلانٹس کے ساتھ بھی معاہدہ ہوچکا ہے، ہم نے آئی پی پیز کو بتا دیا ہے کہ بجلی اتنی مہنگی دیں گے تو لے گا کون، آئی پی پیز سے نظرثانی معاہدوں کے بعد 5 روپے تک بجلی مزید سستی ہوگی اور اسی طرح ونٹر پیکیج بھی ایک سہولت پیکیج ہے، اس کا موسم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اس وقت 26 روپے فی یونٹ خطے میں کسی ملک میں نہیں مل رہا ہے۔