اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور چین کا ٹی ٹی پی سے انگیجمنٹ سے متعلق کوئی ایجنڈا نہیں ہے ، ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے خلاف ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ نے اسلام آباد میں احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتارکیا ہے، افغانستان میں ہمارے سفارتکاروں کا کام افغان حکومت سے رابطے میں رہنا ہے، افغانستان میں پاکستانی ناظم الامورکی افغان وزیر دفاع سے ملاقات کے امور میڈیا سے شیئر نہیں کریں گے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے ،غیر ملکی شہریوں کی پاکستان میں سیاسی احتجاج میں شرکت مکمل غیر قانونی ہے، تمام غیرملکی پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں ،پاکستانی شہریوں پر یو اے ای نے ویزے کی پابندی عائد نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار 2 تا 3 دسمبر ایران کا دورے کریں گے ،بیلاروس کےصدر نے وزیر اعظم کی دعوت پر دورہ کیا، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان متعدد جامعہ معاہدے کیے گئے، قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق اس وقت روس کے سرکاری دورے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان یقین رکھتا ہے کہ کھیلوں کو سیاست زدہ نہ کیا جائے، امید ہے چیمپئنز ٹرافی کے لیے تمام ممالک شریک ہوں گے۔