اسٹاک ایکسچینج میں ایک اور ریکارڈ قائم، ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگِ میل عبور

60

کراچی /اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/اے پی پی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا‘وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کی قوم کو مبارکباد‘حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام کو خراج تحسین ۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا جس کے باعث 100 انڈیکس 813 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 82 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا ہے۔واضح رہے کہ اسٹاک کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ایک وقت پر 100 انڈیکس ایک ہزار 77 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 346 پوائنٹس تک پہنچ گیا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس نے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ کی سطح عبور کی ہے۔ یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے کو ملی تھی اور پھر 100 انڈیکس 99 ہزار کی حد عبور کر گیا تھا۔اسٹاک مارکیٹ میں 28 ارب 55 کروڑ 70 لاکھ 44 ہزار 917 روپے مالیت کے 55 کروڑ 59 لاکھ 37 ہزار 638 شیئرز کا لین دین ہوا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے 1 لاکھ پوائنٹس عبور کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، انتشاری ٹولے کے جاتے ہی مثبت رجحان لوٹ آیا ، ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں، انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اس سنگ میل کو عبور کرنے پر حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے ہماری قربانی رائیگاں نہیں گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد پر اور ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں ، وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے اور ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔