بجلی کے بنیادی اسٹرکچر میں انقلاب کیلیے اہم اقدامات کر رہے ہیں، ناصر شاہ

62

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے توانائی، منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے کے بجلی کے بنیادی اسٹرکچر میں انقلاب لانے کیلیے اہم اقدامات کر رہی ہے، ایک جامع قابل تجدید توانائی پروگرام کے اعلان کا مقصد لاکھوں رہائشیوں کو مہنگی بجلی کا حل فراہم کرنا ہے۔ وزیر توانائی ناصر شاہ نے ایک مقامی ہوٹل میں دی نالج فورم اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انرجی اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام انرجی ڈائیلاگ کے دوران حکومت کے اس اقدام کا اعلان کیا۔ ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ کے متبادل توانائی پروگرام میں صوبے کے توانائی کے مسلسل چیلنجز سے نمٹنے کیلیے متعدد اختراعی طریقے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا سنگ بنیاد کم استعمال کرنے والے گھرانوں میں 2 لاکھ سولر پیکجز کی تقسیم ہے، جس سے کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو صارفین کے علاقوں میں 20 لاکھ سے زاید افراد کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔ ان پیکجز میں شمسی پینل، بیٹریاں، پنکھے اور بلب شامل ہیں جو صفر سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلیے ہیں۔ ناصر شاہ نے کہا کہ حکومت بیک وقت متعدد متبادل توانائی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں سولر، ونڈ اور ہائبرڈ پاور کے اقدامات پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے تیار کیے گئے ہیں۔

.