بشری بی بی سے رابطہ نہیں، علی امین نے انہیں حبس بے جا میں رکھا ہے، بہن کا الزام

112

اسلام آباد: بانی تحریک انصاف (  پی ٹی آئی ) عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو کا کہنا ہے کہ بشری بی بی سے کوئی رابطہ نہیں ہورہاہے، علی امین کی ٹیم  نے انہیں حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے، بہن کی خیریت نہ ملنے کی وجہ سے میں اب تک سکون سے نہیں سو سکی ہوں۔

بشری بی بی کی بہن نے کہاکہ اسلام آباد  میں  آپریشن کے کئی گھنٹے بعد تو ہمیں یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ بشری بی بی کہاں ہیں، بس یہی بتایا جارہا تھا کہ وہ خیبر پختونخوا چلی گئی ہیں لیکن مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ وہ اس طرح آرام سے نکل کر خیبر پختونخوا چلی جائیں گی کیوں کہ میں جانتی ہوں کہ وہ ڈی چوک رکنا چاہتی تھیں۔

انہوں نے مزید  کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ اگر سکیورٹی کی وجہ سے بھی انہیں کہیں منتقل کیا گیا تو خاندان میں کسی کو تو معلوم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں نے بشری بی بی کا پوچھنے کیلئے علی امین گنڈا پور کو کافی کالز کیں،لیکن ان کی جانب سے کوئی کال بیک نہیں آئی،مجھے پختونخوا حکومت یا پارٹی قیادت کی جانب سے بشری بی بی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا جارہا کہ وہ اس وقت کہاں ہیں؟