پشاور: تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے رہنما شوکت یوسفزئی کاکہنا ہےکہ سنگجانی کے مقام پر جلسے کی اجازت ملنے پرقافلے کیوں وہاں نہیں پہنچے؟ پی ٹی آئی قیادت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مزید اذیت دی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اپنے بے قصور شوہر کو بچانے کے لیے سڑک پر نکلیں، قیادت ان پر تنقید کرنے کے بجائے ، ان کے ساتھ کھڑی ہو، اسلام آباد سے واپس آجانے سے پارٹی میں کافی مایوسی پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ واضح کرے کہ سنگجانی کےمقام پر جلسہ کیوں نہیں کیا گیا؟آگے کا لائحہ عمل کیا ہے؟ عمران کی رہائی کے حوالےسے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں؟
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا ( کے پی کے ) کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اور بشری بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کےقافلے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے روانہ ہوئے تھے، وفاقی دارالحکومت کی حدود میں داخل ہوکر علی امین گنڈاپور اور بشری بی بی راتوں را ت کارکنان کو چھوڑ کرفرار ہوگئے تھے۔