مظاہرین نے پولیس پر براہ راست فائرنگ کی ،170 پولیس اہلکار زخمی ہوئے : آر پی او راولپنڈی

122

راولپنڈی کے ریجنل پولیس افسر (آر پی او) بابر سرفراز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی احتجاج کی کال پرتشدد ثابت ہوئی، مظاہرین کے تشدد سے راولپنڈی میں 170 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

راولپنڈی میں ڈی پی او اٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راولپنڈی کے ریجنل پولیس افسر (آر پی او) بابر سرفراز نے کہا کہ 24 نومبر کے احتجاج کے سلسلے میں 32 مقدمات درج کیے ہیں اور اس میں اب تک پولیس نے 64 افغان شہریوں سمیت 1151 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین کی طرف سے پولیس پر براہ راست فائرنگ کی گئی، مظاہرین نے پولیس پر آنسو گیس پھینکی، مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا، پولیس کی 11 گاڑیوں کو آگ لگائی گئی جبکہ کئی گاڑیاں توڑ پھوڑ کی وجہ سے تباہ ہوگئیں، 24 نومبر کو احتجاج کے دوران مجموعی طور پر 262 پولیس اہلکار زخمی ہوئے،25 زیر علاج اہلکاروں کی حالت نازک ہے اور پورے راولپنڈی میں ایک بھی پی ٹی آئی کارکن زخمی نہیں ہوا۔

 بابر سرفراز کا کہنا تھا کہ مظاہرین کے تشدد کے نتیجے میں ایس ایس پی، ڈی ایس پیز، انسپکٹرز سمیت 170 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 2 کو گولیاں لگیں جبکہ حملے میں ہمارا ایک کانسٹیبل مدثر شہید ہوا ہے ،گرفتار کیے گئے افغان باشندوں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔