بھارت: سابق وزیر اعلیٰ کی پریس کانفرنس کے دوران دھماکہ

135

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت کے علاقے پرشانت وہار میں سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی پریس کانفرنس کے دوران دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص کو معمولی چوٹ آئی ہے جسکو اسپتال منتقل کر دیا گیا ، دھماکہ صبح 11 بج کر 48 منٹ پر ہوا ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، دہلی فائر سروس نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر ٹیمیں روانہ کیں اور دھماکے کی نوعیت کو کم شدت کا قرار دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اکتوبر 2024 میں سی آر پی ایف اسکول کے قریب ہونے والے دھماکے سے مشابہت رکھتا ہے، جسے اس وقت ایک پھینکی گئی سگریٹ کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا۔ موجودہ واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں ۔

دہلی پولیس کے ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ یہ دھماکہ ممکنہ طور پر حکومت کو پیغام دینے کی کوشش ہو سکتی ہے، تاہم حتمی نتائج پر پہنچنا باقی ہے۔

اروند کیجریوال نے اپنی پریس کانفرنس میں دہلی کو “دنیا کا سب سے غیر محفوظ شہر” قرار دیا، اور ان کے اس بیان کے دوران ہی دھماکہ ہوا ہے ، جس سے معلوم ہوتا ہے کوئی منصوبہ بندی بنائی گئی تھی ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چندی گڑھ میں دو کلبز کے باہر دھماکے ہو چکے ہیں، جن میں سے ایک معروف ریپر بادشاہ کی ملکیت تھا۔ یہ دھماکے مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے بھتہ خوری کی ناکام کوشش کے بعد کیے گئے تھے۔ پولیس نے اس واقعے کو بھی ماضی کے واقعات سے جوڑ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔