کراچی: جامعہ کراچی کے مختلف پروگرامز کے 16,506 طلبہ 2 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کی فیس جمع کروانے میں ناکام رہے ہیں، جس سے ادارے کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔
زرائع کے مطابق یہ اعداد و شمار 2020 سے 2024 کے درمیان کے ہیں اور ان میں ایم فل، پی ایچ ڈی اور دیگر پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے طلبہ شامل نہیں ۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت میں وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں فیس کے بارے میں تفصیلات پیش کی گئی ہیں ۔۔ اجلاس میں ڈیفالٹر طلبہ کے خلاف سخت اقدامات پر غور کیا گیا، جن میں امتحانات میں شرکت سے روکنا، ایڈمٹ کارڈ جاری نہ کرنا اور ڈیفالٹر طلبہ کی انرولمنٹ اور ڈگریاں منسوخ کرنا شامل ہیں ۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ایوننگ پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، ڈین آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، ڈین آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، ڈین آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب، ڈین آف اسلامک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، طلبہ مشیر ڈاکٹر نوشین رضا اور ڈائریکٹر فنانس سید جہانزیب نے شرکت کی ۔
ڈیفالٹر طلبہ کے خلاف اقدامات کی تجویز
اجلاس میں سفارش کی گئی کہ ڈیفالٹر طلبہ کو امتحانات میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے اور کسی بھی صورت میں انہیں ایڈمٹ کارڈ جاری نہ کیے جائیں ۔ مزید برآں، ڈیفالٹر طلبہ کی انرولمنٹ اور ڈگریاں منسوخ کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی ہے ۔
مارننگ پروگرام کی فیس کی صورتحال
اجلاس میں بتایا گیا کہ مارننگ پروگرام کے 22,575 فیس واوچرز جاری کیے گئے، جن میں سے 13,205 طلبہ نے اپنی فیس ادا کی جبکہ 9,370 طلبہ تاحال ڈیفالٹر ہیں ۔
مارننگ پروگرام کی کل واجب الادا فیس 1,558.87 ملین روپے تھی، جن میں سے صرف 567.32 ملین روپے وصول کیے گئے، جبکہ 991.54 ملین روپے اب بھی واجب الادا ہیں۔
ایوننگ پروگرام کی فیس کی تفصیلات
ایوننگ پروگرام کے 13,425 فیس واوچرز جاری کیے گئے، جن میں سے 6,543 طلبہ نے اپنی فیس جمع کروائی جبکہ 6,882 طلبہ تاحال فیس ادا نہیں کر سکے۔
ایوننگ پروگرام کی کل واجب الادا فیس 1,435.04 ملین روپے تھی، جن میں سے صرف 385.19 ملین روپے وصول کیے گئے، جبکہ 1,049.84 ملین روپے ابھی تک وصول نہیں کیے جا سکے۔
EMBA پروگرام کے طلبہ کی صورتحال
ایگزیکٹو ماسٹرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن (EMBA) پروگرام کے لیے 767 واوچرز جاری کیے گئے، جن میں سے 513 طلبہ نے فیس ادا کی، جبکہ 254 طلبہ تاحال ڈیفالٹر ہیں۔
EMBA پروگرام کی کل فیس 100.30 ملین روپے تھی، جن میں سے 40.20 ملین روپے وصول کیے گئے، اور 60.10 ملین روپے اب بھی واجب الادا ہیں۔
کل واجبات کا خلاصہ
اعداد و شمار کے مطابق، کراچی یونیورسٹی نے مجموعی طور پر 36,767 فیس واوچرز جاری کیے، جن میں سے 20,261 طلبہ نے فیس جمع کروائی جبکہ 16,506 طلبہ پر اب بھی 2.1 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایوننگ پروگرام کے صرف وہی طلبہ، جنہوں نے اپنی تمام واجب الادا فیس جمع کروا دی ہے، امتحانات میں شرکت کے اہل ہوں گے اور انہیں ایڈمٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔