کیا صرف برنس روڈ پر کچرا ہے

54

ایک خبر کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجنٹ بورڈ نے کراچی کے علاقے برنس روڈ پر کچراپھیلانے پر ریسٹورنٹ مالکان کو نوٹسزجاری کر دیے ہیں ،کے ایم سی ایکٹ کے مطابق وارننگ لیٹر کے تین دن بعد عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں جرمانے عائد کئے جائینگے۔سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مطابق ایم ڈی سالڈ ویسٹ سید امتیاز علی شاہ کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات کے ایم سی نعمان خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس ایس ڈبلیو ایم بی ضلع جنوبی فہد بھٹو اور جی ایم آپریشن ضلع وسطی آئس کمپنی وراثت اور انکی ٹیم نے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کا دورہ کرکے کچرا پھیلانے پر مزیدار حلیم، کراچی حلیم، پلیٹر ہاؤس، وحید کباب، انور سجی، حاجی ربڑی والااور فوڈ سینٹر کو تنبیہ کے نوٹس جاری کر دئیے، اسکے علاوہ دیگر ریسٹورنٹ اور دکانداروں کوبھی آگاہی فراہم کی گئی کہ کچرااپنی دکانوں اور ریسٹورنٹ سے نکال کر باہر نہ پھیلائیں۔ اسکے علاوہ سوشل موبلائزرز بھی علاقوں اور فوڈ اسٹریٹ پر آگاہی فراہم کررہے ہیں اور پمفلٹ تقسیم کئے جارہے ہیں جس پر شکایت کیلئے رابطہ نمبرز درج ہیں ہر زون میں کچرامحفوظ طریقے سے ڈسٹ بن میں ڈالنے اور سڑکوں اور نالوں میں کچرا نہ پھینکنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔یہ سلسلہ تو اچھا ہے اور بہت تاخیر سے شروع کیا گیا ہے مگرکیا یہ کچرا صرف برنس روڈ پر دکان دار پھینکتے ہیں ، پورا شہر اس عادت سے نالاں ہے بیشتر دکان والے اپنا کچراسڑک اور نالے ہی میں پھینکتے ہیں اور جس ڈسٹ بن میں کچرس ڈالنے کیلیے آگہی دی جارہی ہے وہ تو بیشتر مقامات پر موجود ہی نہیں بہر حال سندھ سالڈ ویسٹ والوں کو اپنی ذمہ داری کا خیال آہی گیا ہے تو یہ کام پورے شہر میں کیا جائے صرف برنس روڈ کیوں، کچرا تو پورے شہر کا مسئلہ ہے۔