چیمپئنزٹرافی ،ہائبرڈ ماڈل کے تحت 10 میچز اورایک سیمی فائنل پاکستان میں کرانے کا پلان

159

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانے کی صورت میں ٹورنامنٹ کے 10 میچز اور ایک سیمی فائنل پاکستان میں جبکہ بھارت کے میچز اور ایک سیمی فائنل متحدہ عرب امارات میں کرانے کا پلان ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس 29 نومبر کو طلب کیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی اجلاس کے لیے تیاری شروع کردی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو اگر ہائبرڈ ماڈل کے لیے مجبور کیا گیا تو بورڈ حکومت سے اجازت طلب کرے گا تاہم ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) جے شاہ کی آئی سی سی میں انٹری سے قبل تنازع کا حل چاہتا ہے جس کے لیے آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بورڈ میٹنگ کل (29 نومبر) کو طلب کر رکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل کروانے کی صورت میں پی سی بی کو مالی فائدہ پہنچانے کا بھی پلان تیار کرلیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کے لیے پلان بھی تیار کیا ہوا ہے جس کے تحت ٹورنامنٹ کے 10 میچز اور ایک سیمی فائنل پاکستان میں کرانے کا پلان ہے جب کہ بھارت کے میچز اور ایک سیمی فائنل یو اے ای میں ہوگا۔ آئی سی سی کے پلان کے مطابق اگر بھارت فائنل میں نہیں پہنچا تو فائنل پاکستان میں ہوگا تاہم بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ٹورنامنٹ کا فائنل متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل ہونے کی صورت میں تمام اضافی اخراجات آئی سی سی اور بی سی سی آئی اٹھائے گا۔ یاد رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے 3 بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔ گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔ پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔