لاہور (کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی زونل ڈائریکٹر صدیقہ خالد سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ سیلولرکمپنیوں کو کارکردگی بہتر بنانے اور سسٹم اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی جائے کیونکہ سگنلز اور انٹرنیٹ کے مسائل کی وجہ سے کاروباری شعبہ اور آئی ٹی سیکٹر کو بھاری نقصان ہورہا ہے۔لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چودھری اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن آصف ملک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ سیلولر کمپنیوں کا سسٹم بہت مسائل پیدا کررہا ہے۔ سیلولر کمپنیاں نئے کنکشنز جاری کر رہی ہیں لیکن اپنے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ نہیں کررہی رہیں۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص مارکیٹوں میں سگنلز کے سنگین مسائل ہیں۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ حکومت موبائل فون ریچارج پر 25 فیصد ٹیکس لے رہی ہے۔