جنوبی کوریا میں 117 سال بعد ریکارڈ برفباری، نظام زندگی شدید متاثر

132

سئیول: جنوبی کوریا میں رواں برس 117 سال کے بعد ریکارڈ برف باری ہوئی، جس سے نظام زندگی شدید متاثر ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا میں اس سال برف باری کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، اس دوران 200 سے زیادہ پروازیں معطل ہونے سے جہاں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں، وہیں 2 افراد کی ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شدید برف باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے اور شہری گھروں میں محصور ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ دارالحکومت سئیول میں 117 سال بعد (یعنی 1907ء کے بعد) سے برف باری کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے اور اب تک 18 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔

شدید برف باری کے باعث موسم خراب ہونے کی وجہ سے پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوا ہے اور 200 سے زیادہ پروازیں  منسوخ ہونے کی وجہ سے سیکڑوں مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ اسی طرح درجنوں فیری سروسز بھی منسوخ کی گئی ہیں۔ کئی عمارتیں گرنے کے باعث نقصان کی اطلاعات بھی ہیں جب کہ ٹریفک حادثات میں 2 افراد ہلاک اور کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

موسم کی سخت صورت حال کی وجہ سے اسپتالوں اور متعلقہ شہری اداروں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کرکے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ انتظامیہ سڑکوں سے برف کو ہٹا کر راستے کھولنے میں مصروف ہے، اس کے باوجود سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

محکمہ  موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ موسم کی شدت آئندہ چند روز تک جاری رہے گی۔ دوسری جانب حکومتی اور نجی سطح پر کئی پروگرام منسوخ کردیے گئے ہیں۔