سکھر: پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما ناصر شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مظاہرین 3 دن میں اسلام آباد پہنچے اور 3 منٹ میں بھاگ گئے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوج کے تعاون سے ایک بڑے مسئلہ پر قابو پایا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کام صرف انتشار پھیلانا ہے، مجھے افسوس ہوا کہ لیڈر کارکنان کو گرفتار کراکر خود کے پی بھاگ گئے، پی ٹی آئی کو صرف عدالتوں سے ریلیف مل سکتا ہے، اس کے علاوہ کہیں سے کچھ نہیں ملنے والا۔
انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی خیبر پختونخواہ ( کے پی کے ) میں عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے ملک میں فساد پھیلانے کے مشن پر گامزن ہے، اپنے لیڈر کوچھڑوا کر لیجانے کی باتیں کرنے والے راتوں رات ایسے غائب ہوئے کہ کارکنان کو خبر تک نہ ہوئی، کارکنان کو اندازہ تھاکہ لیڈر بھاگ جائیں گے، اسی لیے وضو کرنے کی بھی اجازت نہیں دے رہے تھے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پہنچ کر احتجاج کے نام پر ملکی املاک کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ مظاہرے میں شریک شرپسندوں نے براہ راست فائرنگ کرکے کئی پولیس والوں کو زخمی کیا ہے۔