باجوڑ: باجوڑ میں رات 9 بجے کے بعد بلا ضرورت نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔
باجوڑ امن جرگہ نے سول کالونی خار میں گرینڈ جرگے کا اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق ملک گل کریم خان ، ملک شاہین خان ، حاجی سردار ، سید اخونزادہ چٹان اور درجنوں مشران جرگہ میں موجود تھے۔
اعلامیہ کے مطابق مشران نے کہا کہ رات 9 بجے کے بعد اگر کوئی شخص قتل ہوا تو اس کا خون معاف تصور ہوگا اور پولیس اس کے قتل کی ایف آئی آر درج نہیں کرے گی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ باجوڑ میں شدید بدامنی کے بعد یہ فیصلہ کرنا پڑا، ہم مزید باجوڑ میں بدامنی کے متحمل نہیں ہوسکتے اور مزید بدامنی قابل قبول نہیں۔
کسی بھی شخص کو کسی دوسرے گاؤں میں جانے کی ضرورت پڑے تو وہاں کسی کو آگاہ کرنے ضروری ہوگا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ امن کے قیام کیلئے 8 دسمبر کو ودودیہ ہال میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام سیاسی و قبائلی مشران کا جرگہ منعقد ہوگا۔