امریکا اور فرانس کے معاہدے کے مطابق لبنان اور اسرائیل  کے درمیان جنگ بندی

107

تل ابیب :امریکا اور فرانس کے معاہدے کے مطابق لبنان اور اسرائیل  کے درمیان جنگ بندی ہوگئی، جس کے بعد اسرائیلی فورسز لبنان سے نکل جائیں گی اور لبنانی فوجی اپنےتمام علاقوں کا کنٹرول سنبھالیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کے مطابق حزب اللہ اسرائیل کی سرحد کے ساتھ اپنی جنگی سرگرمیاں ختم کرکے  اپنے جوان تعینات کرے گی، لبنانی وزیر خارجہ عبداللہ ابو حبیب نے 5 ہزار کے قریب جوانوں کو تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جنگ بندی کا اعلان ہوتے ہی لبنان سے ہجرت کرنےوالے شہریوں نے دوبارہ سے اپنے آبائی شہر کا رخ کرنا شروع کردیا ہے، جنگ بندی  کا اعلان ہوتے ہی لبنان میں کئی جگہوں پر لوگوں نے جشن کے طور پر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

لبنانی حکومت نے اپنے شہریوں کو تنبیہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جب تک اسرائیلی فورسز کا آخری فوجی بھی ہماری سرزمین سے نہیں نکل جاتا اس وقت تک عوام اپنے گھروں میں جانے سے اجتناب کرے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کرنے کے بعد بھی لبنانی باشندوں کو جنوب ، مشرق اور بیروت کے اطراف کے علاقوں میں آنے سے منع کیا ہے۔

خیال رہے کہ حماس نے بھی کئی بار جنگ بندی کی پیش کش کی ہے لیکن ہمیشہ اسرائیلی حکومت نے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے اپنے جارحانہ کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے۔