اسلام آباد : پاکستان سے ملازمت کے لیے متحدہ عرب امارات جانے والوں کو پولیس کا کیرکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیاہے۔ امیگریشن بیورونے ایمپلائمنٹ ویزے پر یو اے ای جانے والوں کو ایک نئی شرط لگا دی ہے۔ مذکورہ حوالے سے پاکستان اووسیز ایمپلائمنٹ کے سربراہ عدنان پراچہ کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں روزگار کے لیے جانے والوں کو اب پولیس کا کیرکٹر سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی کردیا ہے۔
یہ بات علم میں رہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے گزشتہ دنوں اس معاملے سے متعلق شکایات موصول ہوئیں تھی، جس پر یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان اووسیز ایمپلائمنٹ کے سربراہ عدنان پراچہ نے کہا کہ امارات سے شکایات آئی تھیں کہ یو اے ای میں پاکستانی بھیک مانگنے اور دیگر غیر قانونی معاملات میں ملوث ہیں، پچھلے1 سال سے یو اے ای کا سروس ویزہ نہیں مل پا رہا، جس کی وجہ سے 1 لاکھ سے زائد افراد متحدہ عرب امارات ملازمت کے لیے جا نہیںسکے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات سے دوسرے نمبر پر ترسیلات زر زیادہ آتی ہیں، کیونکہ یو اے ای ہمارا برادر اسلامک دوست ملک ہے، اس کے قوانین پر عمل درآمد کرنا ہمارے شہریوں پر لازمی ہے۔