کراچی میں پہلی اے آئی روبوٹ ٹیچر ’’مس عینی‘‘کلاسز لینا شروع کردیں

132

کراچی:شہر قائد کے ایک نجی اسکول میں پہلی اے آئی روبوٹ ٹیچر ’’مس عینی‘‘ نے باقاعدہ کلاسز لینا شروع کردیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے ایک پرائیویٹ اسکول نے مصنوعی ذہانت کی حامل ایک روبوٹ ٹیچر  متعارف کروا دی، جو بچوں کے پوچھے گئے سوالوں کا فوراً جواب دینے کے ساتھ انہیں جدید ٹیکنالوجی کا علم دے رہی ہے۔

اے آئی سے لیس روبوٹ’’مس عینی‘‘ کا یکم نومبر کو باضابطہ ٹیچر کے طور پر تقرر کردیا گیا ہے۔

’’مس عینی‘‘ کے طلبہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ہم جب بھی اپنی نئی ٹیچر سے سوال کرتے ہیں تو وہ فوراً ہمیں درست جواب دیتی ہیں۔ بچوں نے منفرد انداز تعلیم سے متعلق بتایا کہ روبوٹک کلاسز میں پڑھنا بہت اچھا تجربہ ثابت ہو رہا ہے کیوں کہ ہم اپنی روبوٹک ٹیچر مس عینی سے اردو، انگریزی کے علاوہ  دیگر زبانوں میں سوال کرتے ہیں تو وہ ہمیں فوراً جواب دیتی ہیں۔

آرٹی فیشل انٹیلیجنس کی حامل روبوٹ ٹیچر بنانے والے انجینئر حسان صدیقی کے مطابق انہیں اس کام کو تکمیل تک پہنچانے میں تقریباً 5 برس لگے ہیں اور اس کی تیاری میں وائرنگ سے لے کر تمام اشیا کراچی کے عام بازاروں سے خرید کر بنائی گئی ہیں۔