سکھر، پیپلز سروس سینٹر کی افتتاحی تقریب کا شاندارانعقاد

99

سکھر (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے سکھر کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری ، سندھ حکومت کا بڑا اقدام، سکھر میں بورڈ آف ریونیو نے ای سروسز سندھ کا آغاز کردیا۔ پیپلز سروس سینٹر کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر توانائی ، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے ربن کاٹ کر ای سروسز سندھ کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے سینٹر میں سہولیات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر توانائی ، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سکھر میں ایک بہت اچھا نظام متعارف کرایا گیا ہے، شہری اب گھر بیٹھے آن لائن ڈومیسائل ، پی آر سی ، وراثت سرٹیفکیٹ، سیلز سرٹیفکیٹ و دیگر ریوینیو دستاویزات حاصل کر سکیں گے اور 7 روز میں تمام اقسام کی آن لائن درخواستوں کو نمٹایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ای سروسز سندھ کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈومیسائل کا ہمیشہ اشوز رہا ہے جہاں بچوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں اور شکایات آتی ہیں کہ انہیں بیجا تنگ کیا جاتا ہے، اب ڈومیسائل پوسٹ کے ذریعے ان کے گھر تک پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو سکھر کے پورے ریوینیو ریکارڈ کو ڈجیٹلائز کرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے تاکہ شفافیت لائی جائے۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ میں ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم کے لیے 5 لاکھ روپے ٹوکن آف اپری سیشن کے طور پر اعلان کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ یہ سہولت تعلقہ لیول پر عوام کو ملنی چاہئے ، تاکہ صالح پٹ والوں کو سکھر نہ آنا پڑے۔ انہوں نے کمشنر کو ہدایات دیں کہ وہ اس سہولت کو ڈویڑن کے دیگر اضلاع خیرپور اور گھوٹکی میں بھی شروع کریں، اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کی جانب سے سائفر لہرایا گیا کہ ہم کوئی غلام ہیں اب انہی کے ساتھ ان کے روابط ظاہر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک میں بہتری کی بات ہوئی یا بڑے اجلاس ہوئے تو یہ احتجاج کرتے ہیں، اس مرتبہ بھی بیلا روس کی قیادت آئی ہے اور یہ لوگ دھرنے کی بات کررہے ہیں، اسلام آباد میں پولیس اہلکار اور رینجرز کے اہلکار شہید ہوئے ہیں اور ایک سو سے زیادہ نوجوانوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں یہ این آر او مانگ رہے ہیں، خان صاحب کو آزاد کرانے کی بات کرتے ہیں خان صاحب کو رہائی عدالتوں سے ملے گی اور بد قسمتی سے خان صاحب کے وکیل خود کو آگے لا رہے ہیں۔ سید ناصر حسین شاھ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اپنے صوبہ کے پی کے میں امن لائیں، اپنے صوبے کے بجائے پر امن شہر کا امن خراب کر رہے ہیں، اگر تحریک انصاف سیاسی دھارے میں آئے گی تو پھر بات ہوگی۔