امن و امان کے بغیر سرمایہ کاری ناممکن ہو جائے گی، شاہد رشید

113

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان نہیں ہو گا تو مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری ناممکن ہو جائے گی اور معیشت کی بحالی کی کوششیں رائیگاں چلی جائیں گی۔ عسکری اور سیاسی قیادت نے معیشت کی بحالی کے لئے بہت سے اقدامات کئے ہیں جن کے نتائج سامنے آ رہے ہیں جبکہ عوام اور ٹیکس گزاروں نے بھی ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ ان تمام کوششوں کا نتیجہ اسی وقت سامنے آ ناممکن ہے جب امن وامان کے حالات پوری طرح اطمینان بخش ہوں اورمقامی و بیرونی سرمایہ کار بلا خوف کام کر سکیں۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ایک طرف دہشت گردی کی وارداتین بڑھ رہی ہیں جبکہ دوسری طرف سیاسی درجہ حرارت آسمان سے باتیں کر رہا ہے جس سے ہر پاکستانی پریشان ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی برسوں سے جاری سیاسی انتشار میں کسی کمی کے بجائے اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے جس سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ ملکی ساکھ بھی خراب ہو رہی ہے۔ سیاسی افراتفری اس وقت بڑھ جاتی ہے جب ملک میں غیر ملکی شخصیات آ رہی ہوتی ہیں جو افسوسناک ہے۔ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ نیکٹا کے مطابق اسلام ا?باد میں دہشت گردی کا خطرہ ہے اور کئی حملہ ا?ور پاک افغان سرحد عبور کرچکے ہیں۔ بیلا روس کے صدر کی سربراہی میں 80ارکان پر مشتمل وفدکی پاکستان آمد کی وجہ سے فریقین باہمی مفاہمت کا راستہ اختیار کرتے ہوئے احتجاج منسوخ یا ملتوی کرسکتے تھے مگر اس ضمن میں ہوشمندی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ جو افسوسناک ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی کو مقدم رکھتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے مگر اس سے آئی ٹی کا شعبہ برباد ہو رہا ہے جس کا اثر روزگار اور برامدات پر پڑ رہا ہے۔ ان حالات میں بہت سے کمپنیاں ملک سے فرار ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔ اس لئے اس شعبہ کے نمائندوں سے مل کر ایسا فریم ورک بنایا جائے جو معیشت کو نقصان پہنچائے بغیر قومی سلامتی کو یقینی بنا سکے۔