کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کی کورکمیٹی کے رکن اور ایف پی سی سی آئی انرجی کمیٹی کے کنوینر،پیٹرولیم وسی این جی ایکسپرٹ ملک خدا بخش نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کی جانب سے حکومت سے اسلام آباد، راولپنڈی اور اطراف کے شہروں میں کاروبار کی بندش پر حکومت سے امن وامان اور کاروبار کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کے حوالے سے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کاروباری حالات پہلے ہی بہتر نہیں ہیں ،روازنہ کے بندش سے ملک بھر میں کاروبار کا اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے اور جب کبھی معاشی حالات بہتر ہونے لگتے ہیں تو ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف بیرونی سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد متاثر ہوتی ہے بلکہ کاروباری معاملات بھی خراب ہوتے ہیں ۔ملک خدا بخش نے کہا کہ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ اور پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کے قائد ایس ایم تنویربارہا حکومت کی نشاندہی اس جانب کراچکے ہیں کہ کاروبار متاثر ہونے اورسیاسی محاذ آرائی سے تاجر وصنعتکار پریشان ہیں اوربالخصوص چھوٹا کاروباری طبقہ اپنے کم ہوتے ہوئے کاروبار کیلئے فکرمند ہے،اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال خراب ہو نے سے بیرونی سرمایہ کاری بھی متاثر ہورہی ہے، حالات کو بہتر بنانے کیلئے حکومت خیبرپختونخوا میں بہتری کیلئے جو بھی اقدام کرے گی بزنس کمیونٹی اس کی سپورٹ کرے گی۔ملک خدا بخش نے کہا کہ اسلام آباد، روالپنڈی اور اطراف کے علاقوں میںتمام پیٹرول پمپس بند پڑے ہیں اور پیٹرول کی ترسیل تقریباً بند ہے جس کی وجہ سے پمپس مالکان کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ، امن وامان کی صورتحال خراب ہونے سے خام مال کی ترسیل اور کارخانے بند پڑے ہیں اور کاروبار کی بند ش سے حکومت کے ریونیو میں بھی کمی آئی ہے،ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے ایکسپورٹ اور امپورٹ کا کام بھی بند ہے۔