کراچی (کامرس روپرٹر)پاکستان کے معروف آن لائن فوڈ اور گروسری ڈیلیوری پلیٹ فارم فوڈ پانڈا نے موسم سرما میں اپنے ڈلیوری رائیڈرز کی صحت اور حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے 6,000 اسموگ پروٹیکشن کٹس تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ فوڈ پانڈا رواں موسم سرما میں اسموگ کے بڑھتے ہوئے خطرات اور سرد موسم سے بچاؤ کے لیے رائیڈرز کو جیکٹس اور بائیک مٹنز بھی فراہم کرے گی۔ہر اسموگ کٹ میں فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لیے ضروری اشیا، جیسے برانڈڈ KN95 ماسک، لوینجز، پیناڈول، سوفٹن، ایف ایم ایل نیو آئی ڈراپس، اور زائنو سین اسپرے شامل ہیں۔ فوڈ پانڈا کا مقصد ان کٹس کے ذریعے رائیڈرز کو اسموگ سے صحت کو لاحق ممکنہ خطرات کم کرنا ہے۔فوڈ پانڈا پاکستان کے ڈائریکٹر آپریشنز، فرحان خان نے کہا، ”صارفین کو ہر موسم میں بہتر خدمات فراہم کرنے والے ہماری ٹیم کے ہیروز کی صحت و حفاظت نہ صرف ہماری اولین ترجیح ہے بلکہ اسموگ کے دوران ان کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ اسموگ کٹس، جیکٹس، مِٹنز اور صحت سے متعلق رہنمائی فراہم کر کے ہم ان کا کام محفوظ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔”اسموگ پروٹیکشن کٹس کی فراہمی کے علاوہ، فوڈ پانڈا صحت کے ماہرین کی معاونت سے رائیڈرز کو اسموگ کے دوران اپنی صحت کا خیال رکھنے اور دیگر ضروری معلومات اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے آگاہی سیشنز کا انعقاد کرے گا۔