روسی فوج کا یوکرین پر بڑا حملہ‘ 188ڈرون داغ دیے

88

کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) روس نے یوکرین پر 188 ڈرو ن ، جسے اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا جارہا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق روس نے خودکش ڈرون سمیت مجموعی طور پر 188 ڈرون سے یوکرین پر حملہ کیا ۔ روس نے کامیاب ڈرون حملوں کے لیے یوکرین کے فضائی دفاعی نظام کو بے ضرر ڈرون کی مدد سے چکما بھی دیا۔ ادھر یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے 188 ڈرون میں سے 76 کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا۔ دارالحکومت کیف میں 10 ڈرون کو ناکارہ بنایا گیا جس کا ملبہ ایک رہائشی عمارت کی چھت پر گرا۔ فوری طور پر حملوں میں جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی،تاہم کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی اور ملٹری عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ اس سے قبل یوکرینی حکام نے پیر کے روز بتایا تھا کہ شمال مشرقی شہر خارکیف پر ہونے والے روسی حملے میں 19 افراد زخمی ہو گئے ۔ خارکیف کے گورنر اولیہ سینیوبوف نے کہا کہ روسی فورسز نے ایک احاطے کو ہدف بنایا جس سے 40 سے زیادہ مکانوں کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ اوڈیسا شہر پر ہونے والے راکٹ حملے میں جانی نقصان بھی ہوا ۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روسی حملوں کو پابندیوں، دباؤ اور ہتھیار بنانے کے وسائل تک رسائی روک کر اور یوکرین کی فوجی امداد بڑھا کر روکا جا سکتا ہے۔