کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران موٹرسائیکل لفٹر سمیت22ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، موبائل فون ،موٹر سائیکل ،نقدی ، اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گلشن معمار پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث ماں بیٹے سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، گرفتار ملزمان میں 10 سالہ بچہ شاہ زیب ولد اسد اللہ اور والدہ زینب زوجہ اسد اللہ، حماد ولد غلام سرور، مزمل ولد غلام سرور، رفیق عرف رئیس ولد حاجی خدا بخش اورمحمد انس ولد محمد نعیم شامل ہیں۔ملزمان کے قبضے سے14 موٹرسائیکلز،7 کٹے ہوئے چیچسز، 9 انجن اور دیگر چوری شدہ پارٹس برآمد کرلیے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بھی 10 سالہ موٹرسائیکل لفٹر شاہزیب کی شناخت کر لی ملزم کی نشاندہی پرایک خاتون ملزمہ اورمزید ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ گرفتار 10 سالہ ملزم شاہزیب موٹرسائیکلز چوری کرتا جب کہ ملزمان حماد، مزمل اور رفیق چوری شدہ موٹرسائیکلز کو اسٹورکرتے اور کھولتے تھے۔ گرفتار ملزمان میں ایک ملزم مکینک ہے جوکہ پرانی موٹرسائیکل کو کھولتا اورساتھی ملزمان انہیں فروخت کرتے ہیں۔ گرفتارخاتون ملزمہ زینب اور ملزم محمد انس نئی چوری شدہ موٹرسائیکلز کو حب بلوچستان لے کر جاتے اور فروخت کرتے تھے۔