اوٹاوہ : کینڈین حکام نے یکم دسمبر سے عارضی رہائشی درخواستوں کی مختلف اقسام کے لیے درخواست اور پراسیسنگ فیس میں اضافے کا اعلان کردیا ، جس سے سیاح، طلبہ اور ملازمین متاثر ہوں گے جو ملک میں داخل ہونا چاہتے ہیں یا اپنی قیام کی مدت میں توسیع کے خواہاں ہیں ۔
حکومتی زرائع کے مطابق یہ اضافہ عارضی رہائشی حیثیت کی بحالی، کینیڈا واپس آنے کی اجازت، سنگین جرائم کے لیے مجرمانہ بحالی اور عارضی رہائشی پرمٹس (TRPs) سے متعلق درخواستوں پر بھی اثر ڈالے گا ۔
زرائع کے مطابق امیگریشن، مہاجرین، اور شہریت کینیڈا (IRCC) نے ابھی تک نئی فیس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں، لیکن درخواست گزاروں کو اس اضافے کے لیے پیشگی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ اپنی درخواست جمع کراتے وقت درست فیس ادا کریں۔
آن لائن اور ڈاک کے ذریعے درخواستوں کے لیے ہدایات
آن لائن درخواستوں کی صورت میں، ادائیگی فوری طور پر عمل میں آتی ہے۔ درخواست دہندگان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ درخواست بھیجنے سے پہلے یہ تصدیق کر لیں کہ مناسب فیس ادا کی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی تاخیر سے بچا جا سکے۔
ڈاک کے ذریعے درخواست بھیجنے کی صورت میں، درخواست کے بھیجنے اور IRCC کو موصول ہونے کے درمیان وقت لگ سکتا ہے۔ اگر اس دوران فیس میں تبدیلی ہو جائے تو عام طور پر IRCC درخواست کو مسترد نہیں کرتا۔ کسی فرق کی صورت میں، IRCC درخواست گزار سے رابطہ کرے گا اور نئی فیس کے مطابق ادائیگی کی ہدایت دے گا۔
درخواست دہندگان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس تبدیلی کے پیش نظر اپنی درخواستیں جلد از جلد مکمل کریں ۔