بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ میں آخری سانس تک عمران خان کی رہائی کے لیے کھڑی ہوں،جب تک خان ہمارے پاس نہیں آجائیں گے ہم اس مارچ کو ختم نہیں کریں گے۔
پی ٹی آئی کے اسلام آباد کی جانب مارچ کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ مجھے یقین ہے پٹھان ایک غیرت مند قوم ہے، وہ آخری وقت تک ساتھ نہیں چھوڑے گی، آپ لوگوں نے بھی میرا ساتھ دینا ہے ،ہم نے یہ احتجاج ختم نہیں کرنا۔
انہوں نے کہا کہ آپ لوگ میرا ساتھ نہیں دیں گے تب بھی میں کھڑی رہوں گی کیونکہ یہ صرف میرے شوہر کی بات نہیں بلکہ یہ اس ملک اور اس ملک کے لیڈر کی بات ہے۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی پشاور سے اسلام آباد آنے والے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قافلے میں موجود ہیں۔