اسلام آباد:تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے احتجاج کے پیش نظر سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ احتجا ج کے خوف سے حکومت نے اسلام آباد میں ائیرپورٹ بند کردیا ہے، لیکن اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کے ایئرپورٹس پر معمول کے مطابق پروازیں جاری رہیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سی اے اےکے ترجمان نے کہاکہ مسافر جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں، مسافروں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر روکنے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، اسلام آباد ائیرپورٹ پرحکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ احتجاج کے حوالے سے کسی بھی فرد کو ائیرپورٹ پر نہیں روکا گیا ہے، بین الاقوامی مسافروں کو اسلام آباد ائیرپورٹس پر روکنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
سی اے اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ صرف مصدقہ ذرائع سے معلومات پر ہی اعتبار کریں، جھوٹی خبروں پر کان دھرنے سے نقصان اٹھانے پر خود ذمہ دار ہیں۔