اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کرنے والے شرپسندی پھیلانے والے افراد ہیں، اگر کوئی شرپسندی کے خلاف احتجاج کرے تو ہم اس کے ساتھ ہیں، پاراچنار میں لوگوں کو سنگین طریقے سے قتل کیا گیا ، جس کا افسوس ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم نے کہاکہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو ہمیشہ ایسے وقت میں احتجاج کرنا یاد آتا ہے جب بیرون ملک سے وفد پاکستانی دورے پر اسلام آباد آرہےہوں، خون اور آگ کی باتیں کرنے والے چھپ کر خیبر پختونخواہ ہاؤس میں کھانا کھانے چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھر چکا ہے، پورے ملک میں کوئی ایک قافلہ نظر نہیں آیا جو اسلام آباد کے راستے پر رواں دواں ہو، بشری بی بی کا تو سیاست سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا، لیکن اچانک وہ متحرک ہوکر تمام رہنماؤں کو حکم دے رہیں تھیں کہ اتنے ہزار افراد کو شرکت کرنی ہے، لیکن آج ہر کوئی گرفتاری دینے کی بات کررہاہے۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے ہمارے اداروں سے رابطہ کرکے کہاکہ ہم فلاں راستے سے احتجاج کرنے جارہے ہیں ہمیں فلاں مقام پر گرفتار کرلینا، عوام نے فساد پھیلانے والی پارٹی کو مسترد کردیا ہے، آج پورے ملک میں ایک بھی ایسا قافلہ نہیں نظر آیا جو تحریک انصاف کے احتجاج میں شرکت کے لیے جارہا ہو۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے احتجاج کے ذریعے اپنے مطالبات منظور کروانے کے لیے اسلام آباد میں مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن وفاقی حکومت کے سخت اقدامات کے باعث کوئی ایک قافلہ اسلام آباد کی طرف جاتے ہوئے نظر نہیں آیا۔