پی ٹی آئی سیاسی سے زیادہ انتشاری جماعت بن گئی‘سعیدغنی

53

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت سے زیادہ اب انتشاری جماعت بن گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی 24 نومبر کی کال کوئی پہلی دفعہ نہیں دی، یہ پہلے بھی کئی بار آخری کال دے چکے ہیں۔ ہماری ثقافتی چیزوں کی دنیا بھر میں بہت مانگ ہے اچھی بات ہے کہ ہمارا کلچر آگے پھیل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کرافٹ فیسٹیول کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے سعید غنی کا استقبال کیا اور انہیں سندھی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور ہنرمندوں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ کلچرل ڈیپارٹمنٹ مختلف ایونٹ کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بہت بڑا شہر ہے اور اس فیسٹیول کے مزید اگلے دو دن بڑی تعداد میں لوگ اس ایونٹ میں آئیں گے، سعید غنی نے کہا کہ مختلف فنکار بھی یہاں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ محنت کش چیزیں بنا کر آئے اور کچھ یہاں بنا بھی رہے یہ چیز منفرد ہے جس سے روایتی ثقافتی اشیاسستے داموں یہاں دستیاب ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ پچھلی بار جیسے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ آئے اسی طرح ہاتھ لگا کر چلے جائیں گے، اس بار بھی ہونا کچھ نہیں ہے، سعید غنی نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں پر پابندی نہیں ہونی چاہیئے، لیکن اگر کوئی نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو ان کو باز رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔