اسرائیل فورسز کی غزہ اور بیروت پر بمباری ،85 شہید

72

غزہ /تل ابیب /روم /تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فورسز کی غزہ اور بیروت پر بمباری سے 85 شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری سے مزید38 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کے محکمہ صحت نے اگلے 24 گھنٹے میں ایندھن کی کمی کے باعث اسپتال کے بند ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ دوسری جانب لبنان کے علاقے بعلبک میں
اسرائیلی حملے سے47 شہری شہید جبکہ طائر شہر پر حملے میں طبی عملے کے 5 ارکان شہید ہوگئے، اٹلی سے تعلق رکھنے والے 4 اقوام متحدہ امن فوج کے اہلکار بھی زخمی ہوئے۔اس کے علاوہ حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر جوابی حملے کیے جس کے نتیجے میں میزائل حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔لبنان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والا اسرائیلی ماہر آثار قدیمہ حزب اللہ کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔ اسرائیلی فورسز کی لبنان کے دارالحکومت بیروت کی ایک عمارت پر تازہ حملے میں 11 افراد شہید ہوگئے۔ برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق لبنان کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے 8 منزلہ عمارت پر 4 میزائل داغے، جس کا ہدف زیر زمین بنکر بھی تھے۔ 71 سالہ زیوو ایرلک اسرائیلی فوج کے ساتھ لبنان کے ایک قدیم قلعے کا معائنہ کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر لبنان میں داخل ہوا تھا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق زیوو ایرلک اسرائیل کا ایک معروف مورخ بھی تھا۔ وہ اسرائیل کی فوجی وردی میں ملبوس تھا حالانکہ وہ نہ تو فعال ڈیوٹی پر تھا اور نہ ہی ریزرو میں شامل تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے اس قدیم مقام کو محفوظ قرار دیا تھا، لیکن 2 حزب اللہ فائٹرز نے گروپ پر حملہ کر دیا۔ زیوو ایرلک مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی قابضین کی بستی کا رہائشی اور یہودی تاریخ پر کئی کتابیں لکھ چکا تھا۔اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے لیے دنیا مزید چھوٹی ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے اِن دونوں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد معاہدہ روم کے تحت آئی سی سی میں شامل تمام 124 ملک انہیں گرفتار کرنے کے پابند ہو گئے۔پاسداران انقلاب نے اسرائیل سے ہر ممکن بدلہ لینے کی یقین دہانی کرا دی۔ پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے باسیج فورسز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا کہ اسرائیل خوفزدہ ہے، اس کے اہلکار پریشان اور فکر مند ہیں اور اس کے شہری پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج تھک چکی ہے جبکہ حزب اللہ اور مزاحمتی محاذ کے حوصلے بلند ہیں، ایرانی رہنما نے یہ بھی کہا کہ اس جنگ کا جاری رہنا صرف اسرائیل کی تباہی کا باعث بنے گا۔