کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ڈیٹا رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے خودکار مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ۔ اسمارٹ قومی شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے کراچی میں سیلف سروس کیوسک نصب کی جائے گی، جس سے لمبی قطاروں اورطویل انتظار کے بغیرکوئی بھی شہری بغیر خود کار طریقے سے استفادہ کرسکے گا۔ ابتدا میں سیلف سروس کیوسک نادرا میگا سینٹرز، بعدازاں ائرپورٹ، ریلوے اسٹیشن اور شاپنگ مالز میں نصب کیے جائیں گے۔ ایکسپو سینٹر میں منعقدہ4 روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024ء کے
دوران نادرا کا اسٹال لگایا گیا، جس پر شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اور جدت کے حامل سیلف سروس کیوسک رکھا گیا جو آئندہ کچھ عرصے کے دوران شہر کے میگا سینٹرز پر نصب کیے جائیںگے۔نادرا خودکارکیوسک کے ذریعے شہری اپنے اسمارٹ قومی شناختی کارڈکی تجدید اورگمشدہ شناختی کارڈکے حصول کے لیے نادرا کی کسی عام برانچ کی طرح درخواست کے مراحل طے کرسکتے ہیں۔نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرعمارحیدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگلے مرحلے میں اس خودکارسسٹم کے کچھ آزمائشی مراحل ہوں گے، جس کے بعد اس کوشہرکے کسی بھی میگاسینٹرمیں نصب کردیاجائے گا۔