کراچی (اسٹاف رپورٹر) باوانی چالی سائٹ ایریا میں باپ نے کمسن بیٹے کو تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے کے علاقے باوانی چالی چوک کے قریب رہائشی سفاک باپ نے بچے پر راڈ سے تشدد کیا اور اسے گرم توے پر بٹھا دیا۔ تھانہ سائٹ ایریا پولیس نے ملزم نجیب اللہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس پی کیماڑی فیضان کا کہنا ہے کہ ملزم نے بتایا کہ بچہ گھر میں بتائے بغیر کھیلنے چلا جاتا تھا جس پر اسے غصہ تھا۔ ملزم کے خلاف سرکار کی مدعیت میں کیماڑی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال 2 جولائی کو کراچی میں جائداد میں حصے کے لیے والد پر تشدد کرنے والے بیٹے کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ باپ جاوید کا الزام تھا کہ چھوٹا بیٹا جائداد میں اپنا حصہ لینے کے لیے آبائی گھر فروخت کرانا چاہتا ہے، انکار پر اپنے دوستوں کے ساتھ مجھے اور میرے بڑے بیٹے کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔