راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) اڈیالہ جیل میں عمران خان کے سیل کو تھانہ قرار دے کر پولیس کی سیکورٹی تعینات کر دی گئی ہے، 3 سب انسپکٹرز پر مشتمل سیکورٹی عملہ 3 شفٹوں میں فرائض انجام دے گا۔ سٹی پولیس آفس (سی پی او) راولپنڈی کی جانب سے جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کے نام جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں اڈیالہ جیل کے اسپیشل سیکورٹی سرکل نمبر 4 میں بند عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے میں گرفتارکیا جاتا ہے لہٰذا اڈیالہ جیل کے سرکل نمبر 4 کو تھانہ قرار دیا جارہا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق تھانہ قرار دیے جانے کے باعث عمران خان کے سیل پر پولیس سیکورٹی تعینات کر دی گئی ہے، سیکورٹی عملہ 3 مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے گا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق پہلی شفٹ میں سب انسپکٹرمحمد اسلم 3 اہلکاروں سمیت سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، دوسری شفٹ میں سب انسپکٹر محمد آصف 3 اہلکاروں سمیت سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ تیسری شفٹ میں سب انسپکٹر محمد ازرم 3 اہلکاروں کے ساتھ ڈیوٹی دیں گے۔ پہلی شفٹ صبح 8سے شام 4 بجے، دوسری شفٹ شام 4 سے رات 12 بجے اور تیسری شفٹ رات 12سے صبح 8 بجے تک سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے گی۔ واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ نیو ٹاؤن میں درج جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمہ نمبر 2831 میں عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکیا تھا۔