کراچی: عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث خاتون کو وفاقی تحقیقاتی ادارہ(ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے کہاکہ ملزمہ عمرہ ادا کرنے کی بنیادی طریقہ کار سے مکمل طور پر ناواقف تھی، ملزمہ نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر 100 سعودی ریال بھیک مانگ کر جمع کرلیتی تھی۔
ملزمہ کاکہنا تھا کہ سعودی عرب میں گداگری میں خاوند سمیت خاندان کے افراد شامل ہیں، جو سعودی عرب میں گدا گری کرکے لاکھوں روپے ماہانہ کمارہے ہیں، سعودی میں اس دھندے میں کافی فائدہ ہے۔
ایف آئی اے ترجمان نے کہا کہ مسافر خاتون کی شناخت گل شانہ کے نام سے ہوئی جس کو سعودی عرب سے پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا،گرفتار مسافر خاتون کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔