اسلام آباد( آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) شہباز شریف حکومت کے ابتدائی 8 ماہ میں بھارت سے درآمدات میں چوتھی باراضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ذرائع وزارت تجارت کے مطابق تجارت معطل ہونے کے باوجود بھارت سے درآمدات ایک بار پھر بڑھ گئی ہیں اور رواں مالی سال اکتوبر میں مسلسل تیسرے مہینے بھارت سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اکتوبر2024 میں بھارت سے سالانہ بنیاد پر درآمدات میں 46 فیصد کا اضافہ ہوا اور اکتوبر 2024 میں بھارت سے درآمدات کا حجم 3کروڑ 58 لاکھ ڈالرز رہا جبکہ اکتوبر2023 میں بھارت سے درآمدات 2 کروڑ 45 لاکھ ڈالرز تھیں۔ اس سے قبل ستمبر 2024 میں سالانہ بنیاد پر بھارت سے درآمدات میں 45 فیصد اور اگست میں بھارت سے درآمدات میں5 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ تجارت معطل کردی تھی مگر حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بعد میں بھارت کے ساتھ تجارت میں نرمی کردی تھی اور دونوں ممالک نے زندگی بچانے والی ادویات کی تجارت کی اجازت بھی دے رکھی تھی۔